ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ودھان سودھا کی ہریالی سے صدر ہند بہت متاثر،راشٹرپتی بھون میں ایسی ہی ہریالی کا انتظام کرنے محکمۂ باغبانی کو ہدایت

ودھان سودھا کی ہریالی سے صدر ہند بہت متاثر،راشٹرپتی بھون میں ایسی ہی ہریالی کا انتظام کرنے محکمۂ باغبانی کو ہدایت

Fri, 27 Oct 2017 14:16:55    S.O. News Service

بنگلورو،26؍اکتوبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) ریاست کے مرکز اقتدار ودھان سودھا کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات میں شرکت کیلئے کل یہاں پہنچنے والے صدر جمہوریہ رامناتھ کووند نے ودھان سودھا کے روبرو ہریالی کے انتظام پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے خواہش کی کہ اسی طرح کا انتظام وہ راشٹرپتی بھون میں بھی کروانا چاہتے ہیں اس کیلئے صدر جمہوریہ نے ریاستی محکمۂ باغبانی کے سکریٹری کو راشٹرپتی بھون آنے کی دعوت دی ، یہ بات آج ریاستی وزیر برائے باغبانی ایس ایس ملیکارجن نے بتائی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ راشٹرپتی بھون میں ہریالی کا انتظام کرنے کی ذمہ داری کرناٹک کے محکمۂ باغبانی کو ملی ہے اس سے زیادہ افتخار کی بات اور کیا ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ محکمۂ باغبانی کی طرف سے کاشتکاروں کی سہولت کیلئے جو اسکیمیں رائج ہوئی ہیں ان کے بارے میں عوامی جانکاری پھیلانے کی ضرورت ہے۔ ریاست بھر میں کاشتکاروں کو ڈرپ آبپاشی کی سہولت کیلئے 400کروڑ روپیوں کی رقم مہیا کرائی گئی ہے۔اس کا پورا فائدہ کسانوں کو پہنچا کر اسکیم کے نفاذ میں صد فیصد کامیابی حاصل کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ریاست بھر میں 20لاکھ ہیکٹر زمین پر پھلوں اور ترکاریوں کی فصلیں لگائی جاتی ہیں ۔ ان میں سے 5.37 لاکھ ہیکٹر زمین کو ڈرپ آبپاشی کی سہولت، 1137کروڑ روپیوں کی تائیدی رقم کے ساتھ چار لاکھ کسانوں کو مہیا کرائی گئی ہے، قومی باغبانی مشن کے تحت اس شعبے میں کرناٹک ملک میں سر فہرست ہے۔ اس موقع پر محکمۂ باغبانی کے کمشنر پرکاش چندرا ، ڈائرکٹر ڈاکٹر کرشنر دیگر اعلیٰ عہدیداران موجود تھے۔


Share: